اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار ہوگئی۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے دی گئی مجوزہ تاریخوں سے اصولی اتفاق کرلیا ہے۔ پنجاب حکومت نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت سے مرحلہ وار انتخابات کا تفصیلی منصوبہ بھی جلد طلب کرلیا۔پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی۔چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی حکومت کی جانب سے انتخابات کے انعقاد سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا۔
پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دی۔الیکشن کمیشن نے مجوزہ مدت سے اصولی اتفاق کرلیا ہے۔پنجاب حکومت کے مطابق صوبے میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرائے جائیں گے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے مؤقف اختیار کیا کہ مرحلہ وار انتخابات سے سیکیورٹی اور انتظامی امور بہتر انداز میں انجام دینے میں مدد ملے گی۔پنجاب حکومت جلد مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کا تفصیلی منصوبہ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔الیکشن کمیشن نے بھی صوبائی حکومت سے انتخابی مراحل کا مکمل منصوبہ جلد طلب کرلیا ہے۔پنجاب حکومت نے انتخابات کے لیے دسمبر سے جنوری کا عرصہ موزوں قرار دیا ہے۔حکومت کے مطابق بچوں کے امتحانات اور دھند کے باعث اس عرصے کے دوران مرحلہ وار انتخابات کرانا مناسب ہوگا۔صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری وسائل کی مناسب فراہمی میں بھی کچھ وقت درکار ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔اب انتخابی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان مشاورت جاری ہے۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے قبل صوبائی حکومت سے مشاورت آئینی اور قانونی تقاضا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 13،12اور14مارچ کو بسنت ،وزیراعلیٰ مریم نواز کا اعلان
چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے۔الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کرے گا۔











