کوئٹہ ( پاک ترک نیوز)جنوبی بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ستمبر 2026 کے دوران جنوبی بلوچستان میں 15 کامیاب کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 435 غیر قانونی افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق کارروائیاں تربت، دشت، پنجگور، دالبندین اور ماشکیل کے علاقوں میں کی گئیں، جہاں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے تمام 435 غیر قانونی افغان باشندوں کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد وطن واپس بھیج دیا گیا۔ذرائع کے مطابق افغانستان میں طالبان حکومت کی پالیسیوں اور وہاں موجود معاشی مشکلات کے باعث بعض افغان شہری غیر قانونی راستوں سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی آمد و رفت کے باعث سیکیورٹی اور انتظامی مسائل پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے، جس کے پیش نظر جنوبی بلوچستان میں نگرانی اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 خارجی دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز کے مطابق علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام، سرحدی نگرانی مزید مؤثر بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔












