اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ناروے کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، جہاں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مذاکرات کے دوران پاکستان اور ناروے نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں جانب سے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت موسمیاتی تبدیلی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ قریبی اور مضبوط تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد آباد ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کا اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ناروے کی متعدد کمپنیاں کامیابی سے کاروبار کررہی ہیں، جو دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کے امکانات کو ظاہر کرتی ہیں۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ناروے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں, وزیراعظم شہباز شریف کا دانش اسکولوں کا دائرہ بڑھانے کا اعلان
ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور موسمیاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔












