لاہور( پاک ترک نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بانی تحریک انصاف کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خانم کو دل کی ادویات فراہم کرنے کی ہدایت کردی، نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ خانم کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔جسٹس عبہر گل نے سکینہ نیازی اور احد خان کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل رانا مدثر عمر نے استدعا کی کہ ڈپٹی کمشنر، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے۔
وکیل رانا مدثر عمر نے مؤقف اختیار کیا کہ تمام افسران عدالت میں پیش ہوکر نظر بندی کے نوٹیفکیشن کی وضاحت کردیں تو صورت حال واضح ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزار جیل میں کوئی غیر ضروری یا طویل فہرست پر مشتمل سامان فراہم کرنے کی درخواست نہیں کر رہے بلکہ بنیادی سہولیات مانگ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی ایف 35 طیارہ بھارت کو فروخت کرنے کی باضابطہ پیشکش نہیں، بھارتی فضائیہ کے سربراہ کا اعتراف
ڈاکٹر عظمیٰ خانم کے شوہر احد خان بھی روسٹرم پر آگئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر عظمیٰ ان کی اہلیہ ہیں اور انہیں دل کا عارضہ لاحق ہے۔ ان کے مطابق اہلیہ کو روزانہ تین ادویات دینا ضروری ہیں، اس لیے ادویات روزانہ کی بنیاد پر جیل پہنچانے کی اجازت دی جائے۔وکیل رانا مدثر عمر نے نورین نیازی کو کپڑے، ادویات اور نظر کی عینک فراہم کرنے کی اجازت دینے کی بھی استدعا کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی ضروریات ہیں اور متعلقہ افراد کا حق ہیں۔درخواست گزار کے وکیل نے اہل خانہ اور وکلا کو جیل میں ملاقات کی اجازت دینے کی بھی استدعا کی۔عدالت نے ڈاکٹر عظمیٰ خانم کو دل کی ادویات فراہم کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور، سی سی پی او اور دیگر افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔












