تہران ( پاک ترک نیوز) ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید شدت کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران جلد اپنی نئی حکمتِ عملی سامنے لائے گا، جو امریکی مفادات کی بنیادیں ہلا دے گی۔ محسن رضائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بیان میں کہا کہ ایران کی نئی حکمتِ عملی صرف فوجی محاذ تک محدود نہیں ہوگی بلکہ میدانِ جنگ، سفارت کاری اور امریکی معاشی دباؤ کا مقابلہ کرنے کے شعبوں میں بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران پر دوبارہ حملے کے لیے کسی بھی وقت تیار ہے، ٹرمپ
ایرانی عہدیدار نے امریکا کی جانب سے جاری فوجی اور معاشی دباؤ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے جنگ کو اپنے حق میں رکھنے اور ایران کو دباؤ میں لانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔محسن رضائی کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف جو صورتحال پیدا کی ہے، اس سے نکلنے کی اس کی کوششیں بھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے دنوں میں ایران کی نئی حکمتِ عملی کے اثرات فوجی، سفارتی اور معاشی محاذوں پر نمایاں ہوں گے۔












