تہران (پاک ترک نیوز )ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے اسٹریٹجک روٹ پر ایران کا مکمل کنٹرول برقرار ہے اور ایرانی فورسز امریکی کوششوں کے باوجود آبی گزرگاہ کی نگرانی کر رہی ہیں۔
قالیباف کے مطابق امریکا بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے محفوظ گزرنے کی غلط اور جعلی ضمانتیں دے رہا ہے، تاہم ایران ایسے کسی اقدام کی اجازت نہیں دے گا۔ایرانی اسپیکر نے دعویٰ کیا کہ جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کو ایرانی فورسز کی جانب سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ امریکا مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کی جوابی کارروائی ،اردن میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ
محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایران کی بحری ناکہ بندی مزید سخت کی تو تہران اس کا فوجی جواب دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکی اقدام کا مقصد ایران کی تیل برآمدات روکنا ہے تو پھر خلیج سے کسی بھی ملک کو تیل برآمد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔












