اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) اسلام آباد میں انڈس راس ایکسپو 2026 کی تقریب ہوئی وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا انڈس روبوٹکس اینڈ آٹو نومس سسٹم ایکسپو میں شرکت باعث مسرت ہے، یہ نمائش اور اقدامات پاکستان کو 21ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجی میں صف اول کا ملک بنائیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا اس سال کے آغاز میں پاکستان نے انڈس اے آئی سمٹ کی میزبانی کی ،روبوٹس اور ڈرون کی جدت سے معیشت مضبوط،سلامتی بہتر اور عوام کی زندگی آسان ہو جائے گی۔آج ٹیکنالوجی کی جدید شکل ہمارے سامنے ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا سلامتی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال قابل فخر ہے،ڈرونز کی ساٹھ فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کر لی گئی ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی اپنائی۔
یہ بھی پڑھیں: کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا معرکہ حق میں افواج پاکستان نے آٹو نو مس سسٹمز اور سائبر سکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا دفاع کیا،معرکہ حق میں فیلڈ مارشل کی سربراہی میں ایئر چیف اور نیول چیف کی معاونت شاندار رہی ،پاکستان اپنی خود مختاری کے دفاع کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے گا۔ آٹو نومس سسٹم کے لیے واضح قانون سازی اور اخلاقی فریم ورک بنائیں گے ۔
وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا، انڈس راس ایکسپو پاکستان میں روبوٹکس اور آٹو میشن کا قومی ایونٹ ہے، آج روبوٹس فیکٹریوں سے نکل کر ہر میدان میں آسانی پیدا کررہے ہیں، ڈیجیٹل تبدیلی پائیدار معاشی ترقی کا ستون ہے، پرائم منسٹر آفس سسٹم گورننس کے نظام کو مکمل تبدیل کردے گا۔












