اسلام آباد(پاک ترک نیوز )پاکستان سے بہتر مستقبل اور روزگار کی تلاش میں طبی ماہرین کی بیرونِ ملک روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ تین سال کے دوران 14 ہزار 302 طبی شعبے سے وابستہ افراد بیرونِ ملک چلے گئے۔
وفاقی وزارتِ سمندر پار پاکستانیوں اور افرادی قوت کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 سے 2026 تک بیرونِ ملک جانے والوں میں سب سے بڑی تعداد اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹروں کی ہے، جن کی تعداد 9 ہزار 513 رہی۔
یہ بھی پڑھیں: وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیٹی زکریا کو 5 روز بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا
اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں 3 ہزار 625، 2025 میں 3 ہزار 795 جبکہ 2026 میں اب تک 2 ہزار 93 ڈاکٹر بیرونِ ملک گئے۔
دوسری جانب تین سال کے دوران 4 ہزار 295 نرسوں نے بھی بیرونِ ملک کا رخ کیا۔ ان میں 2024 کے دوران 2 ہزار 30، 2025 میں ایک ہزار 639 جبکہ 2026 میں 626 نرسیں شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق بہتر روزگار کے حصول کے لیے تین سال میں 494 فارماسسٹ بھی بیرونِ ملک منتقل ہوئے۔ ان میں 2024 کے دوران 155، 2025 میں 183 اور 2026 میں 156 فارماسسٹ شامل ہیں۔






