گوگل نے نیا اے آئی ٹول متعارف کرا دیا جو خیالات کو گیمز میں بدل دے گا
کیلیفورنیا:(پاک ترک نیوز) گیم بنانے کے خواہش مند افراد کے لیے گوگل نے ایک ایسی نئی سہولت متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے پیچیدہ پروگرامنگ کے بغیر بھی اپنے آئیڈیاز کو گیم کی شکل دی جاسکے گی۔
گوگل کے تجرباتی منصوبےپلے گراؤنڈ میں اے آئی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے صارفین کو گیم تخلیق کرنے کا موقع دیا جارہا ہے۔ صارف صرف یہ بتائے گا کہ وہ کس نوعیت کی گیم بنانا چاہتا ہے، اس کا انداز کیسا ہو اور اس میں کیا خصوصیات شامل کی جائیں، جبکہ باقی کام اے آئی انجام دے گا۔
اس نظام کی خاص بات یہ ہے کہ گیم تیار ہونے کے بعد اسے حتمی شکل دینا بھی صارف کے اختیار میں ہوگا۔ وہ اپنی تخلیق میں مختلف تبدیلیاں کرکے اسے مزید بہتر بنا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:13 سالہ اقتدار کے باوجود پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں اپنی کارکردگی ثابت نہ کرسکی، امیر مقام کی تنقید
نئے صارفین کی سہولت کے لیے پلے گراؤنڈ میں پہلے سے موجود مختلف آئیڈیاز اور پرامپٹس بھی دستیاب ہوں گے، جنہیں اپنی ضرورت کے مطابق تبدیل کیا جاسکے گا۔ اس طرح صارفین مختلف تصورات آزما کر اپنی مرضی کی گیم تیار کرسکیں گے۔
تیار کی گئی گیم کو صرف ذاتی طور پر کھیلنے تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے اور پلے گراؤنڈ کی گیلری میں دیگر صارفین کے لیے پیش کرنے کا آپشن بھی موجود ہوگا۔
چونکہ یہ گیمز براؤزر کے ذریعے چلیں گی، اس لیے انہیں موبائل فون، لیپ ٹاپ یا دیگر کمپیوٹر ڈیوائسز پر استعمال کیا جاسکے گا۔ صارفین دوسرے تخلیق کاروں کی گیمز دیکھنے اور انہیں کھیلنے کے ساتھ اپنی پسندیدہ گیمز کو لائیک اور تخلیق کاروں کو فالو بھی کرسکیں گے۔
گوگل کے مطابق یہ تجرباتی سہولت فی الحال امریکا میں 18 سال سے زائد عمر کے صارفین کے لیے ویب پر دستیاب ہے












