ڈیلاس ( پاک ترک نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنلز سے قبل ٹکٹوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، جہاں ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل کے ٹکٹ فرانس اور اسپین کے مقابلے کے ٹکٹوں سے دوگنے سے بھی زیادہ مہنگے ہو گئے۔
ٹکٹ ٹریکنگ سروس کے مطابق ڈیلاس میں کھیلے جانے والے فرانس اور اسپین کے سیمی فائنل کے ایک ٹکٹ کی اوسط قیمت 1,325 ڈالر ہے، جو گزشتہ تین دنوں کے دوران 26 فیصد کم ہوئی ہے۔
اٹلانٹا میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل کے ٹکٹوں کی اوسط قیمت 2,841 ڈالر تک پہنچ گئی، جو گزشتہ تین روزمیں 34 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ ہفتے کے روز یہ قیمت 2,966 ڈالر تک بھی جا پہنچی تھی۔
رپورٹ کے مطابق تیسرے نمبر کے پلے آف میچ کے ٹکٹوں کی قیمت 1,543 ڈالر ہے، جبکہ اتوار کو نیویارک، نیو جرسی اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کے ٹکٹوں کی اوسط قیمت 6,760 ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ اگرچہ یہ قیمت گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 6 فیصد کم ہوئی ہے، تاہم رواں سال اکتوبر میں فائنل کے ٹکٹ 13,650 ڈالر تک فروخت ہوتے رہے۔
فیفا کی آخری وقت کی ٹکٹ فروخت ویب سائٹ پر بھی فائنل کے لیے ایک ہزار سے زائد نشستیں دستیاب ہیں، تاہم زیادہ تر نشستیں اسٹیڈیم کی بالائی منزل پر واقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیفاورلڈکپ کے سیمی فائنل راؤنڈ کا کل سےآغاز ہوگا
ماہرین کے مطابق ٹکٹوں کی غیرمعمولی مہنگائی کی بڑی وجہ امریکا میں ورلڈ کپ کے 104 میں سے 78 میچوں کا انعقاد، شائقین کی بے مثال دلچسپی اور ڈائنامک ٹکٹ پرائسنگ نظام ہے، جس کے تحت ٹکٹوں کی قیمت طلب، رسد اور وقت کے مطابق مسلسل تبدیل ہوتی رہتی ہے۔
فیفا کو ٹکٹوں کی بلند قیمتوں پر شدید تنقید کا سامنا بھی ہے۔ بعض شائقین نے مہنگے ٹکٹوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی، تاہم فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کا کہنا ہے کہ امریکا میں ٹکٹوں کی دوبارہ فروخت سے متعلق قوانین کے باعث قیمتوں میں اضافے کو روکا نہیں جا سکتا۔












