نیو یارک ( پاک ترک نیوز) امریکا میں کھیلے جا رہے فیفا ورلڈ کپ 2026 ء کے چاروں کوارٹر فائنل کھیلے جا چکے اور سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی۔ ورلڈ کپ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔
کیا ارجنٹینا اپنے اعزاز کا دفاع کر پائے گا یا پھر کوئی نیا چیمپئن ٹرافی لے جائے گا؟ اس کا فیصلہ اگلے تین میچز میں ہو جائے گا۔
فیفا ورلڈ کپ میں 3 دن کا آرام ہے، جس میں چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیمیں اپنے اپنے ہتھیاروں کو تیز کریں گی اور تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔
پہلا سیمی فائنل فرانس اور اسپین کے درمیان ڈیلاس اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق بدھ 15 جولائی کی شب 12 بجے کھیلا جائے گا۔
یہ میچ فرانسیسی کپتان ایمباپے کے لیے بھی اہم ہوگا کہ وہ جہاں اپنی کارکردگی سے ٹیم کو فائنل میں پہنچا سکتے ہیں، وہیں وہ گول کرکے میسی سے آگے بھی نکل سکتے ہیں۔ اس وقت دونوں اسٹار کھلاڑی ٹورنامنٹ میں 8، 8 گول کر کے برابری کی پوزیشن پر ہیں۔
دوسرا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان اٹلانٹا میں کھیلا جائے گا۔یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات 16 جولائی کو رات 12 بجے کھیلا جائے گا۔
ارجنٹینا کی ٹیم جہاں اپنے کپتان لیونل میسی پر پورا بھروسہ کر رہی ہے وہیں انگلینڈ کی امیدیں ہیری کین اور جوڈ بلینگھم سے لگی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا کے صدر کا مستقبل میں 64 ٹیموں کا ورلڈکپ کروانے کا عندیہ
دونوں سیمی فائنلسٹ کی فاتح ٹیمیں نیو جرسی کے اسٹیڈیم ایسٹ ردھر فورڈ میں فائنل میچ میں ٹکرائیں گی۔ میگا ایونٹ کا سب سے بڑا میچ امریکی وقت کے مطابق اتوار 19 جولائی کو سہ پہر 3 بجے کھیلا جائے گا۔
فائنل میچ سے قبل میامی میں تیسری پوزیشن کے لیے میچ کھیلا جائے گا جو دونوں سیمی فائنل کی ہارنے والی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق اتوار 19 جولائی کی شب 2 بجے کھیلا جائے گا۔












