واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکی ریاست نیو میکسیکو کی کمپنی Molten Salt Solutions نے لیتھیم کے مخصوص آئسوٹوپس تیار کرنے والی ٹیکنالوجی کو بڑے پیمانے پر ترقی دینے کے لیے 70 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ حاصل کرلی۔کمپنی کے مطابق یہ رقم اس کی ٹیکنالوجی کو لیبارٹری کے تجربات سے نکال کر پائلٹ اسکیل پیداوار تک پہنچانے، تکنیکی اور آپریشنل ٹیم کو وسعت دینے اور صارفین کے موجودہ معاہدے پورے کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
MSS ایسی ٹیکنالوجی تیار کررہی ہے جس کے ذریعے لیتھیم-6 اور لیتھیم-7 کو افزودہ کیا جاسکے گا۔ دونوں آئسوٹوپس مستقبل کے جدید جوہری توانائی کے نظام میں اہم کردار رکھتے ہیں۔لیتھیم-6 فیوژن ری ایکٹرز کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس سے ٹرائٹیم پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ٹرائٹیم مستقبل کے فیوژن ری ایکٹرز کے لیے انتہائی اہم ایندھن سمجھا جاتا ہے۔دوسری جانب لیتھیم-7 جدید فِشن ٹیکنالوجی، خصوصاً مولٹن سالٹ ری ایکٹرز میں استعمال کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا میں فی الحال ان دونوں لیتھیم آئسوٹوپس کی تجارتی پیمانے پر پیداوار موجود نہیں، جس کے باعث مقامی افزودگی کی صلاحیت مستقبل کے جوہری ایندھن کی محفوظ سپلائی چین کے لیے اہم قرار دی جارہی ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی نئی ٹیکنالوجی بڑے پیمانے پر لیتھیم افزودگی کے لیے تیار کی گئی ہے اور روایتی طریقوں کے مقابلے میں 100 گنا زیادہ مؤثر ہے۔MSS کے چیف ایگزیکٹو جان ایلنگ کے مطابق فیوژن اور چھوٹے ماڈیولر فِشن ری ایکٹرز کمرشل استعمال کی جانب بڑھ رہے ہیں اور دونوں کے لیے افزودہ لیتھیم کی قابلِ اعتماد مقامی سپلائی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کے بلند ترین ڈیم والے ہائیڈرو پاور اسٹیشن کے تین یونٹس فعال
کمپنی اس سے پہلے 30 لاکھ ڈالر کی پری سیڈ فنڈنگ اور 50 لاکھ ڈالر سے زائد کی گرانٹس حاصل کرچکی ہے۔ نئی سرمایہ کاری کے بعد کمپنی کی ظاہر کردہ مجموعی فنڈنگ ڈیڑھ کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے۔MSS کے مطابق مستقبل میں کمپنی لیتھیم کے علاوہ دیگر افزودہ آئسوٹوپس بھی تیار کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، تاکہ ابھرتی ہوئی توانائی اور جدید ٹیکنالوجی کی صنعتوں کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔












