جکارتہ ( پاک ترک نیو ز) انڈونیشیا کو چین کے جدید جے ٹین سی ای جنگی طیاروں کی پہلی کھیپ آئندہ چھ ماہ کے دوران ملنے کا امکان ہے، جس کے بعد انڈونیشیا اس طیارے کو استعمال کرنے والا دنیا کا تیسرا غیر ملکی ملک بن جائے گا۔انڈونیشیا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق جکارتہ نے گزشتہ سال اکتوبر میں چین کے 42 جے ٹین سی ای جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا، جس کے لیے تقریباً 9 ارب امریکی ڈالر کا بجٹ منظور کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق طیاروں کی پہلی کھیپ اپریل میں انڈونیشیا پہنچنے کی توقع ہے، تاہم ابتدائی مرحلے میں کتنے طیارے فراہم کیے جائیں گے، اس بارے میں ابھی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
یہ بھی پڑھیں: چینی صحرا سے تیل اور گیس کا بڑا ذخیرہ مل گیا
جے ٹین سی ای چین کا برآمدی ورژن ہے، جسے جدید ترین چوتھی نسل سے آگے کے جنگی طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ چین میں اسے طاقتور ڈریگن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔انڈونیشیا کو طیاروں کی فراہمی کے بعد چین کے جے ٹین سی ای کی بیرون ملک موجودگی مزید وسیع ہوجائے گی۔ اس وقت پاکستان اور ازبکستان اس جنگی طیارے کے غیر ملکی صارفین ہیں۔پاکستان نے بھی جے ٹین سی ای کو اپنی فضائی طاقت میں شامل کیا ہے اور اسے جدید فضائی جنگ، دور تک مار کرنے والے میزائلوں اور جدید نگرانی کے نظام کے ساتھ استعمال کیا جارہا ہے۔












