واشنگٹن (پاک ترک نیوز )امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کو تقریباً 5 ارب ڈالر مالیت کے ممکنہ اسلحہ پیکیج کی منظوری دے دی۔
مجوزہ فروخت میں 10 ہزار 4 جے ڈی اے ایم-ای آر گائیڈنس کٹس اور ان کے مساوی تعداد میں مختلف وزن کے جنرل پرپز بم شامل ہیں۔
پیکیج کے تحت سعودی عرب کو 5 ہزار 4 کے ایم یو-572 گائیڈنس کٹس اور 500 پاؤنڈ وزنی بی ایل یو-111 بم جبکہ 5 ہزار کے ایم یو-556 کٹس اور 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بی ایل یو-117 بم فراہم کیے جائیں گے۔
ان گائیڈنس کٹس اور بموں سے جی بی یو-38 اور جی بی یو-31 جے ڈی اے ایم-ای آر ہتھیار تیار کیے جاسکتے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق یہ ایکسٹینڈڈ رینج ہتھیار جی پی ایس اور انرشیل نیویگیشن سسٹم سے لیس ہوں گے اور طیارے سے فائر یا ریلیز کیے جانے کے بعد تقریباً 64 سے 80 کلومیٹر دور زمینی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مجوزہ معاہدے میں پروگرام ایبل فیوزز، ٹارگٹ ڈیٹیکٹرز، کنٹینرز، اسپیئر پارٹس، معاون آلات، مرمت کی خدمات اور تکنیکی و لاجسٹک سپورٹ بھی شامل ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس فروخت کا مقصد سعودی عرب کی فضائی اور ملکی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور خطے میں موجودہ و مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانا ہے۔
معاہدے کے تحت امریکی کمپنی بوئنگ مرکزی کنٹریکٹر ہوگی، جبکہ کام کی نگرانی ورجینیا کے شہر آرلنگٹن سے کی جائے گی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مجوزہ فروخت سے خطے میں فوجی توازن تبدیل نہیں ہوگا۔












