کراچی (پاک ترک نیوز )پاکستان میں پٹرولیم ڈیلرز نے 15 اگست سے ملک بھر میں پٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
پٹرول پمپ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے پر ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ حکومت کو مطالبات کی منظوری کے لیے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا گیا ہے۔
ملک خدا بخش کے مطابق ڈیلرز پٹرول پر 8 فیصد مارجن کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ حکومت کو مطالبات حل کرنے کے لیے دو ہفتے کی مہلت دی گئی تھی جو ختم ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے 14 ہزار ارکان کے دباؤ کے باعث اب مزید انتظار ممکن نہیں، مطالبات منظور ہونے تک پٹرول پمپس بند رہیں گے۔
دوسری جانب ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال بھی جاری ہے۔ حکومت اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک برقرار ہے اور ٹرانسپورٹرز نے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
پٹرولیم ڈیلرز کے مطابق چند روز قبل حکومت کی یقین دہانی پر ہڑتال مؤخر کی گئی تھی، تاہم مطالبات پر عملی پیش رفت نہ ہونے کے بعد دوبارہ ملک گیر شٹر ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔







