لاہور( پاک ترک نیوز) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مون سون کے دوران پرندوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمی کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت اعلان کیا ہے کہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے دونوں رن ویز 5 جولائی سے 15 ستمبر 2026 تک روزانہ صبح 5 بجے سے 8 بجے تک تجارتی پروازوں کے لیے بند رہیں گے۔
پی اے اے کے مطابق مون سون کے موسم میں ایئرپورٹ اور اس کے اطراف، خصوصاً 3 ہزار فٹ کی بلندی تک پرندوں کی نقل و حرکت میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، جس سے طیاروں کے ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران برڈ اسٹرائیک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اتھارٹی نے تمام پائلٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ پروازوں کی آمد و روانگی کے دوران غیر معمولی احتیاط برتیں، جبکہ ایئرلائنز کو بھی ممکنہ تاخیر یا فضائی انتظار کی صورت میں اضافی ایندھن ساتھ رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ روزانہ صبح 5 سے 8 بجے تک رن ویز کی بندش اس وقت رکھی گئی ہے جب پرندوں کی سرگرمی اپنے عروج پر ہوتی ہے۔ اس دوران تمام شیڈول کمرشل پروازیں ان اوقات کے علاوہ چلائی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: 100مجرم بھی چھوٹ جائیں تو ایک بے گناہ کو سزا نہیں ہونی چاہیئے،لاہور ہائیکورٹ
پی اے اے نے واضح کیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رن وے فوری طور پر طیارے کی لینڈنگ کے لیے دستیاب کر دیا جائے گا۔اس حوالے سے نوتم بھی جاری کر دیا گیا ہے تاکہ تمام ایئرلائنز اور پائلٹس کو پیشگی آگاہ رکھا جا سکے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کہا ہے کہ مسافروں اور ایئرلائنز کو کم سے کم پریشانی کے ساتھ فضائی حفاظت کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔












