کراچی ( پاک ترک نیوز) کراچی کے گارڈن سول ڈیفنس اتھارٹی کمپاؤنڈ سے خاتون سمیت 29 افراد کی بازیابی کے معاملے پر وزیر اعلیٰ سندھ کے حکم پر محکمہ انسانی حقوق نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی محکمہ انسانی حقوق کے ایڈیشنل سیکریٹری کریں گے، جبکہ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ انسانی حقوق بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔کمیٹی کے ضابطہ کار بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ خاتون سمیت 29 افراد کو کس قانون کے تحت اور کن حالات میں سول ڈیفنس اتھارٹی کمپاؤنڈ میں زیر حراست رکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی لانگ مارچ کا روٹ تبدیل ،پشاور سے پہلے ،خیبر جائے گا
کمیٹی نے زیر حراست افراد سے متعلق متعلقہ ریکارڈ، روزنامچہ اندراجات اور دیگر دستیاب دستاویزات بھی طلب کرلی ہیں۔تحقیقات کے دوران متعلقہ سی آئی اے افسران و اہلکاروں اور بازیاب ہونے والے افراد کے بیانات بھی قلم بند کیے جائیں گے۔کمیٹی انسانی حقوق اور قانون کی ممکنہ خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ محکمانہ غفلت کا بھی جائزہ لے گی۔تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افراد کا تعین کرتے ہوئے جامع رپورٹ تیار کی جائے گی۔تحقیقاتی کمیٹی کو 15 روز کے اندر تحقیقات مکمل کرکے اعلیٰ حکام کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔












