اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ملک میں شیڈول بینکوں کے مجموعی ڈپازٹس میں اگست 2026 کے دوران سالانہ بنیادوں پر 13.87 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگست میں بینکوں کے مجموعی ڈپازٹس 39.24 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے، جبکہ اگست 2025 میں یہ حجم 34.46 ٹریلین روپے تھا۔ماہانہ بنیادوں پر بھی بینکوں کے ڈپازٹس میں 0.49 فیصد اضافہ ہوا، جولائی 2026 میں مجموعی ڈپازٹس 39.05 ٹریلین روپے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا سی ایس ایس امیدواروں کے لیے بڑا فیصلہ، عمر کی حد 32 سال مقرر
اعداد و شمار کے مطابق بینکوں کے مجموعی قرضوں میں سالانہ بنیادوں پر 10.03 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 14.52 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے، جبکہ گزشتہ سال اگست میں مجموعی قرضوں کا حجم 13.19 ٹریلین روپے تھا۔جولائی 2026 کے مقابلے میں اگست کے دوران بینکوں کے قرضوں میں 0.36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔بینکوں کا قرضہ تا ڈپازٹ تناسب 36.99 فیصد رہا، جو سالانہ بنیادوں پر ایک اعشاریہ 29 فیصد پوائنٹس کم ہے، جبکہ ماہانہ بنیادوں پر بھی اس تناسب میں 0.05 فیصد پوائنٹس کمی ہوئی۔
دوسری جانب شیڈول بینکوں کی مجموعی سرمایہ کاری اگست میں 41.18 ٹریلین روپے تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے 36.30 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 13.45 فیصد زیادہ ہے۔










