اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) پاکستان کا ٹرانسپورٹ، سیاحت اور تجارت کے شعبے میں بہتری کیلئے ایک اور تاریخی فیصلہ۔مانسہرہ سے کاغان اور چلاس تک 172کلومیٹر موٹروے کی منظوری دے دی گئی ۔وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اجلاس میں موٹروے منصوبے پر بریفنگ دی گئی ۔
وفاقی وزیرعلیم خان نے مانسہرہ سے کاغان،ناران، جھل کھنڈ اور چلاس سے گزرنے والی نئی موٹروے کی تعمیر کی منظوری دی ۔موٹروے کی مجموعی لمبائی 172 کلومیٹر ہوگی اورمانسہرہ سے کاغان اور چلاس کافاصلہ تقریباً120کلومیٹر تک کم ہو جائے گا ۔
پہلے مرحلےمیں مانسہرہ سے کاغان، ناران اور بابوسر ٹاپ اور دوسرے مرحلے میں بابوسر ٹاپ سے چلاس تک موٹروے بنے گی ۔اس منصوبے میں13.5 کلومیٹر طویل بابوسر ٹنل بھی بنائی جائے گی جو کہ ملک کی سب سے لمبی سرنگ ہو گی۔
نئی موٹروے کا یہ شاندار منصوبہ مغربی چین کو براہِ راست کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں سے جوڑےگا۔
ماہرین کے مطابق یہ شاہراہ بحیرہ عرب سے مغربی چین تک پہنچنے کا تیز ترین،مختصر ترین اور کم لاگت والا راستہ ثابت ہوگی اور سامان کی ترسیل کا وقت کم ہو گا ۔ جدید سہولیات کے باعث یہ موٹروے قومی ترقی،علاقائی رابطوں اور اقتصادی استحکام کی جانب ایک اہم اور قابل تعریف قدم ہے۔






