دمبولا : (پاک ترک نیوز)دمبولا میں کھیلا گیا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث متاثر ہوا، جس کے بعد مقابلہ 12 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔
اس سنسنی خیز میچ میں میزبان سری لنکا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم سری لنکن بیٹرز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 12 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔
کپتان دسُن شناکا نے 34 جبکہ کوشال مینڈس نے 30 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ جنتھ لیانگے اور دننجایا ڈی سلوا نے بھی 22، 22 رنز بنا کر مجموعی اسکور کو مضبوط بنایا۔
پاکستان کی جانب سے وسیم جونیئر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد نواز، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکی۔
سلمان آغا نے 45 رنز کے ساتھ مزاحمت کی، محمد نواز نے 28 جبکہ خواجہ نافع نے 26 رنز اسکور کیے، مگر ٹیم ہدف حاصل نہ کر سکی۔سری لنکا کی جانب سے وانندو ہسارنگا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔اس فتح کے ساتھ ہی تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی۔ یاد رہے کہ پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔












