اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) نجکاری کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی بحالی کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیولڈے گیبریمریم کو نئے سی ای او کے عہدے کے لیے شارٹ لسٹ کر لیا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق نجکاری کے بعد قائم ہونے والی نئی انتظامیہ اتوار تک اس تقرری کا باضابطہ اعلان کرنا چاہتی ہے، تاہم اس سے قبل قانونی اور انتظامی کارروائیاں مکمل کی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق ٹیولڈے گیبریمریم کی تقرری سے عارف حبیب گروپ کی قیادت میں قائم کنسورشیم کو خسارے کا شکار قومی ایئرلائن کی بحالی میں مدد مل سکتی ہے۔
ٹیولڈے گیبریمریم کی قیادت میں ایتھوپین ایئرلائنز نے غیر معمولی ترقی کی اور افریقہ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی بن گئی، جبکہ ادیس ابابا کو براعظم افریقہ کا اہم فضائی ٹرانزٹ حب بنانے میں بھی کامیابی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہ راست پروازیں شروع
واضح رہے کہ گزشتہ سال عارف حبیب گروپ کی سربراہی میں کنسورشیم نے 135 ارب روپے کی بولی دے کر پی آئی اے کے 75 فیصد حصص حاصل کیے تھے، جو حکومت کی مقررہ قیمت سے 35 فیصد زیادہ تھی۔ کنسورشیم نے مستقبل میں 80 ارب روپے کی مزید سرمایہ کاری کا بھی عزم ظاہر کیا تھا۔












