لاہور( پاک ترک نیوز) وفاقی حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف تو دے دیا ،مگر کیا پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کا اثر باقی چیزوں پر بھی پڑے گا یا نہیں ،کیا عوام کو واقعی مکمل ریلیف مل پائے گا،،، کیا صرف پٹرول سستا ہونے سے مہنگائی بھی نیچے آ جائے گی؟
حکومت نے پٹرول چوہتر روپے اٹھائیس پیسے فی لٹر سستا کر دیا ،نئی قیمت 299روپے پچاس پیسے فی لٹر مقرر ہو گئی ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 67روپے31 پیسے فی لٹر کم ہو گئی ،نئی قیمت 311 روپے 47پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے ۔وزیراعظم شہبازشریف کی منظوری کے بعد پٹرولیم ڈویژن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔۔ ذرائع کے مطابق پٹرول پر لیوی 106 روپے 74 سےکم کر کے 66 روپے 25 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ،ڈیزل پر لیوی 19روپے 71پیسے فی لٹر بڑھا دی گئی ،لیوی 72روپے 97پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے
حکومت کے فیصلے کے بعد عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی مگر ساتھ ہی مطالبہ بھی کر دیا کہ قیمتیں جنگ سے پہلے والی سطح پر لائی جائیں۔ دوسری جانب گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کر دیا ہے، جسے مہنگائی میں کمی کی پہلی کرن قرار دیا جا رہا ہے۔
لیکن بازاروں کا منظر کچھ اور کہانی سناتا ہے۔۔۔ سبزیاں اب بھی مہنگی، پھلوں کے دام آسمان پر، گوشت کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں، دودھ اور روزمرہ اشیائے خورونوش بھی پرانی قیمتوں پر فروخت ہو رہی ہیں۔ عوام پوچھ رہے ہیں کہ اگر پٹرول اتنا سستا ہو گیا ہے تو دکانوں پر چیزیں کیوں نہیں سستی ہو رہیں؟
ماہرین معاشیات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات فوری نہیں بلکہ چند ہفتوں میں سامنے آتے ہیں۔ ٹرانسپورٹ لاگت کم ہونے سے اشیائے خورونوش کی ترسیل سستی ہو سکتی ہے، جس کے بعد سبزی، پھل، آٹا، چاول اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی آنے کا امکان پیدا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرائے 15فیصد کم کرنے کا اعلان
ماہرین کا کہنا ہے صرف پٹرول سستا ہونا کافی نہیں۔ اگر انتظامیہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کرے تو پٹرول سستا ہونے کا فائدہ عوام تک مکمل طور پر منتقل نہیں ہو پاتا۔
سوال اب بھی برقرار ہے۔۔۔ کیا پٹرول کی قیمت میں تاریخی کمی عوامی ریلیف کا آغاز ہے یا صرف ایک وقتی خوشخبری؟کیا سبزی فروش، دودھ فروش، گوشت فروش اور تاجر بھی قیمتیں کم کریں گے؟کیا ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچ پائے گا؟یا پھر پٹرول سستا اور مہنگائی ویسی کی ویسی رہے گی؟فیصلہ آنے والے چند ہفتے کریں گے












