اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ازبکستان کے سفیر نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی رابطہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔حنیف عباسی کا کہنا ہے ازبکستان،افغانستان،پاکستان یو اے پی ریلوے کوریڈور علاقائی تجارت اور اقتصادی روابط کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
حنیف عباسی نے کہا یو اے پی ریلوے کوریڈور وسطی ایشیا کو پاکستانی بندرگاہوں سے منسلک کرنے کا ایک تاریخی منصوبہ ہے۔ازبکستان اور پاکستان نے ریلوے انفراسٹرکچر، فریٹ آپریشنز، لاجسٹکس اور تکنیکی مہارت کے تبادلے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے اور ریلوے اداروں کے درمیان روابط مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا پاکستان ازبکستان کے ساتھ برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،باہمی تعاون کے فروغ سے علاقائی رابطہ کاری، اقتصادی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ازبکستانی سفیر نے ریلوے سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا












