پیرس ( پاک ترک نیوز) دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی گلوبل پاسپورٹ انڈیکس جاری کر دی گئی ہے، جس میں یورپی ممالک کا واضح غلبہ دیکھنے میں آیا ہے۔ فہرست کے مطابق دنیا کے ٹاپ 10 طاقتور پاسپورٹس میں 9 یورپی ممالک شامل ہیں، جبکہ سنگاپور واحد غیر یورپی ملک ہے جو دسویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔
یہ درجہ بندی گلوبل سٹیزن سلوشنز نے جاری کی ہے، جس میں صرف ویزا فری سفر ہی نہیں بلکہ سرمایہ کاری کے مواقع، معیارِ زندگی، صحت، سلامتی، ٹیکس نظام، جدت، معیشت، ماحول اور سماجی ڈھانچے جیسے عوامل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ادارے کی چیف ایگزیکٹو آفیسر پیٹریشیا کاسابوری کے مطابق یورپ کی برتری کسی ایک شعبے کی وجہ سے نہیں بلکہ متوازن کارکردگی کی بنیاد پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ویزا فری سفر کے حوالے سے سنگاپور کئی یورپی ممالک سے آگے ہے اور سرمایہ کاری کے میدان میں بعض خلیجی اور ایشیائی ممالک بھی مضبوط ہیں، لیکن یورپ کی اصل طاقت یہ ہے کہ وہ وسیع عالمی سفری آزادی کو دنیا کے بہترین معیارِ زندگی کے ساتھ یکجا کرتا ہے۔
2026 کے 10 طاقتور ترین پاسپورٹس میں سویڈن،سوئٹزرلینڈ ،فن لینڈ ،جرمنی ،نیدرلینڈز،ڈنمارک،آئرلینڈ ،برطانیہ ،ناروے اور سنگاپور شامل ہیں ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ مجموعی طور پر آٹھویں نمبر پر برقرار ہے، تاہم بریگزٹ کے بعد اس کے شہریوں کے لیے یورپی یونین کے 27 ممالک میں آزادانہ رہائش، ملازمت اور مستقل سکونت کا حق ختم ہونے سے اس کی سفری حیثیت متاثر ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یورپ میں گرمی ،1300سے زائد اضافی اموات ریکارڈ
رپورٹ کے مطابق امریکا نے گزشتہ پانچ برسوں میں جی 7 ممالک میں سب سے زیادہ تنزلی دیکھی ہے۔ 2021 میں امریکا اس انڈیکس میں پہلے نمبر پر تھا، تاہم 2025 میں 14ویں نمبر پر چلا گیا، جبکہ 2026 میں معمولی بہتری کے بعد 12ویں نمبر پر آ گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس کی ایک بڑی وجہ بعض ممالک کی جانب سے امریکی شہریوں پر دوبارہ ویزا پابندیاں عائد کرنا ہے، جن میں برازیل بھی شامل ہے، جس نے گزشتہ سال امریکی شہریوں کے لیے ویزا شرط دوبارہ نافذ کر دی تھی۔
گلوبل پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق یورپی ممالک بدستور دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹس کے حامل ہیں، کیونکہ وہ سفری آزادی کے ساتھ اعلیٰ معیارِ زندگی، مستحکم معیشت اور بہتر عوامی سہولیات بھی فراہم کرتے ہیں۔












