اسلام آباد(پاک ترک نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت پورٹ کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری میری ٹائم افیئرز نے پاکستانی بندرگاہوں کی موجودہ صورتحال اور صلاحیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع ایک اثاثہ ہے جسے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، روابط کو بہتر بنا کر پاکستان زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد حاصل کر سکتا ہے۔
کمیٹی نے پاکستان کی بندرگاہوں کی ترقی اور ان کی کارکردگی اور مسابقت کو بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا،اجلاس میں پورٹ کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے، آپریشنز کو ہموار کرنے اوع بین الادارہ جاتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔
تجارت اور لاجسٹکس کی سہولت کاری، اور بندرگاہوں کو علاقائی تجارتی گیٹ ویز کے طور پر مستحکم کرنے کے لیے اصلاحات کو آگے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کروشیا کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان ،اسحاق ڈار سے ملاقات
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف، وفاقی وزیر برائے بحری امور، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری بحری امور، ڈی جی این ایل سی، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔












