لاہور( پاک ترک نیوز )وہ لمحہ آ گیا جس کا لاکھوں دلوں کو انتظار تھا ،دعاؤں ،آنسوؤں اور امیدوں سے بھرا بابرکت سفر شروع ہو گیا ،پاکستان سے عازمین حج کی روانگی جاری ہے ۔ہزاروں ماں،باپ ،رخصت ہوتے بیٹے ،لبوں پر دعائیں ،آنکھوں میں آنسو ،یہ صرف ایک سفرہی نہیں بلکہ ایمان ،عقیدت اور محبت کا سفر ہے۔
سرکاری سکیم کے تحت حج آپریشن شروع کر دیا گیا ،لاہور ،کراچی ،سیالکوٹ ،ملتان سے بھی عازمین حج روانہ ہو رہے ہیں ،پاکستان میں سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔
اس بار عازمین کےلیے انقلابی سہولت متعارف کرائی گئی ہے جسے روڈ ٹو مکہ کا نام دیا گیا ہے ،اس نظام کے تحت عازمین کی پاکستان میں ہی امیگریشن ہو گی سعودی عرب پہنچ کر لمبی قطاروں سے نجات ملے گی،عازمین سیدھا بسوں میں منتقل ہوں گے۔سامان براہِ راست ہوٹل کے کمروں تک پہنچے گا۔
عازمین کی امیگریشن اسلام آباد میں مکمل ہو نے کے بعد جدہ یا مدینہ ایئرپورٹ پر ان کا گھنٹوں کا انتظار ختم ہو جائے گا۔سعودی عرب پہنچنے پر عازمین بغیر کسی لائن کے براہِ راست بسوں تک پہنچیں گے جبکہ ان کا سامان ایک جدید لاجسٹک سسٹم کے تحت براہِ راست ان کے ہوٹل کے کمروں تک پہنچایا جائے گا۔
اسلام آباد سے 129 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔تقریباً 29 ہزار 900 عازمین اسلام آباد سے روانہ ہوں گے۔آپریشن مئی کے وسط تک جاری رہے گا۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور سعودی ایئرلائنز سمیت دیگر کمپنیاں آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں،عازمین کو پروازوں سے کم از کم چار گھنٹے پہلے ایئر پورٹ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے،عازمین کی مزید سہولت کےلیے پاک حج ایپ کو بھی اپ ڈیٹ کر دیا گیا












