اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے رواں سال 1448ھجری کے حج کے سلسلے میں متعارف کروائے گئے قواعد وضوابط پر عمل کرتے ہوئےپاکستان کی وزارت حج کے حکام نے حج سیزن 2027 کے لیے حج ٹور آپریٹرز کو نئے لائسنس جاری کرنے کا عمل شروع کرنے سے پہلے 20 جولائی تک حج آپریٹرز سے متعلق عازمین حج کی شکایات اور اعتراضات سننےکا فیصلہ کیا ہے تاکہ پہلے سے کام کر رہے حج آپریٹرز کے لائسنسوں کی تجدید کے سلسلے میں ان حج کمپنیوں کے بارے میں عوامی تجربات پر مبنی رائے سامنے آسکے۔
وزارت حج کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق عازمین حج کی شکایات اور اعتراضات سننے کا عمل وزارت مذہبی امور نے اتوار کے روز سےشروع کر دیاہے۔وزارت مذہبی امور پاکستان کی طرف سے سال 2026 میں حج کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ اگر انہیں کسی ٹور آپریٹر سے کوئی شکایت رہی ہو تو وہ 20 جولائی تک وزارت کو اس بارے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ تاہم 20 جولائی کے بعد موصول ہونے والی شکایات کو توجہ نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی شہری اگلے حج کیلئے رجسٹریشن کیسے کرائیں؟
سال 2026 میں پاکستان کے لیے حج کوٹہ 179210 تھا۔ اب سعودی حکومت سال2027 کے لیے نیا حج کوٹہ مقرر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔پاکستان آئندہ حج کے موقع پر سعودی عرب کی طرف سے مخصوص کیے گئے کوٹےمیں اضافے کی خواہش رکھتا ہے تاکہ اسکا حج کوٹہ پچھلے سال سے بڑھ کر 230000 ہو جائے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ صرف دس دنوں کے دوران 150000 پاکستانی عازمین حج نے حج 2027 کے لیے ابتدائی رجسٹریشن کرا لی ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار پاکستان کے لیے پچھلے سال والا حج کوٹہ کم پڑ جائے گا۔ البتہ ابھی حج اخراجات کا تخمینہ لگایا جانا باقی ہے۔












