لاہور: (پاک ترک نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی ایک نئی کروٹ کی پیشگوئی کرتے ہوئے بارشوں اور برف باری کے آئندہ سلسلے کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے، جب کہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والوں اور سیاحوں کو غیر معمولی احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جنوری سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سسٹم ملک کے شمالی اور مغربی خطوں میں داخل ہوگا جو 3 فروری تک اثر انداز رہے گا۔
اس دوران کئی علاقوں میں موسم سرد اور غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے۔31 جنوری سے 3 فروری کے دوران خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے جبکہ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر ہلکی سے درمیانی برف باری متوقع ہے۔
یکم سے 3 فروری کے دوران اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، سیالکوٹ، گجرانوالہ اور اطراف کے علاقوں میں بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، جبکہ مری، گلیات اور قریبی پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برف باری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی بلوچستان میں 31 جنوری سے یکم فروری کے دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برف باری کے باعث پہاڑی سڑکوں پر پھسلن، ٹریفک میں رکاوٹ اور بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ سیاحوں اور مقامی افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔












