استنبول (پاک ترک نیوز)
ترکی کی پانچویں قومی آرکٹک سائنسی تحقیقی مہم کا باضابطہ طور پر آغاز ہو گیا ہے۔ جس میں 12 سائنسدانوں نے ملک کی بڑھتی ہوئی قطبی تحقیقی کوششوں کے حصے کے طور پر آرکٹک اوقیانوس میں 19 منصوبوں کا انعقاد کیا ہے۔
یہ مہم ترکی کے ایوان صدر کی سرپرستی میں اور وزارت صنعت و ٹیکنالوجی کی قیادت میں سائنسی اور تکنیکی ریسرچ کونسل آف ترکیہ اور پولر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے چلائی جا رہی ہے۔
تحقیقی ٹیم استنبول سے روانہ ہوئی اور اوسلو اور ٹرومسو سے ہوتی ہوئی سوالبارڈ میں لانگ یئربین پہنچی جہاں 78 ڈگری شمالی عرض بلد پر سائنسی سرگرمیاں جاری ہیں۔
اس ضمن میں اپنے ایک پیغام میں صنعت اور ٹیکنالوجی کے وزیر مہمت فتح کاسر نے ترکیہ کی نویں قومی انٹارکٹک سائنس مہم کی کامیاب تکمیل کے بعد اس مہم کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ سائنسی ٹیم سمندری پانی اور تلچھٹ کے نمونے جمع کرے گی، سمندر کی سطح پر مائیکرو پلاسٹک کی جانچ کرے گی اور جی این ایس ایس اور موسمیاتی نظام کا استعمال کرتے ہوئے ماحول کی حرکیات کا پتہ لگائے گی۔ کاسر نے یہ بھی کہا تھاکہ "موسمیاتی تبدیلیوں کے نشانات قطبی علاقوں میں تلاش کیے جائیں گے۔ترک ٹیکنالوجی کے وزیر کا کہنا ہے کہ مہم میں ارجنٹائن، بلغاریہ اور ایکواڈور کے سائنسدانوں کے ساتھ مشترکہ تحقیق بھی شامل ہے۔ جو ترکیہ کی مضبوط سائنس ڈپلومیسی کو اجاگر کرتی ہے۔
انہوں نےترکیہ ٹیکنالوجی مقابلے کے فاتحین تین ہائی اسکول کے طلباءکی مہم میں شرکت پر بھی روشنی ڈالی جو آرکٹک کے حالات میں اپنے پروجیکٹس کی جانچ کریں گے اور مہم کی سائنسی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔












