اسلام آباد(پاک ترک نیوز) عالمی معدنیات کی صنعت کے معروف سرمایہ کار اور آئیونہو مائنز کے ایگزیکٹو شریک چیئرمین رابرٹ فریڈلینڈ نے کہا ہے کہ پاکستان معدنی وسائل کے حوالے سے انتہائی اہم ملک ہے، یہاں تانبے اور سونے کے وسیع ذخائر دریافت ہونے کے امکانات موجود ہیں، تاہم پاکستان کے معدنی وسائل کا بڑا حصہ اب تک دریافت نہیں کیا جاسکا۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر غیرملکی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے 76 سالہ رابرٹ فریڈلینڈ نے کہا کہ سونا اہم ہے لیکن تانبہ معدنیات کی دنیا کا بادشاہ ہے۔ ان کے مطابق جدید جیو فزیکل ٹیکنالوجی کے ذریعے نہ صرف تانبے اور سونے بلکہ زیرزمین پانی کے ذخائر کا بھی پتا لگایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور معدنیات کی تلاش کے دوران پانی کے ذخائر کی نشاندہی بھی ممکن ہے۔
رابرٹ فریڈلینڈ کے مطابق پاکستان کی 25 کروڑ سے زائد آبادی ایک بڑی افرادی قوت ہے۔ معدنیات کے شعبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری درحقیقت آٹھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری جیسی معاشی اہمیت رکھ سکتی ہے، کیونکہ اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، مقامی افراد کو جدید مہارتیں سکھائی جاتی ہیں اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں کو بھی فروغ ملتا ہے۔
انہوں نے منگولیا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 1998 میں جب ان کی کمپنی نے وہاں معدنیات کی تلاش شروع کی تو ملک میں زیادہ تر افراد مویشی پالنے کے پیشے سے وابستہ تھے، لیکن آج وہاں تربیت یافتہ کان کنی انجینئرز اور ماہرین دنیا بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید کان کنی میں خواتین بھی مردوں کی طرح مؤثر کردار ادا کرسکتی ہیں، جبکہ معدنی منصوبوں کے ساتھ زرعی، ثقافتی اور تعلیمی ترقی بھی منسلک ہوتی ہے۔
پاکستان میں معدنیات کے امکانات پر بات کرتے ہوئے فریڈلینڈ نے کہا کہ پاکستان کا بڑا حصہ ابھی تک معدنیات کی تلاش کے حوالے سے غیر دریافت شدہ ہے۔ اگر قدرت نے یہاں معدنی ذخائر رکھے ہیں تو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انہیں تلاش کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان سمجھوتے کی کوششیں انہیں بہت متاثر کرتی ہیں۔
رابرٹ فریڈلینڈ نے کہا کہ جنگ انسانی ذہن کی ایجاد کردہ احمقانہ ترین چیز ہے، جنگیں شروع کرنے والے عمر رسیدہ افراد ہوتے ہیں جبکہ ان کی قیمت نوجوانوں کو چکانا پڑتی ہے۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کی بندش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے باعث ڈیزل، سلفرک ایسڈ اور کھاد کی قیمتیں بڑھتی ہیں، جس کے اثرات بالآخر خوراک کی قیمتوں پر پڑتے ہیں اور کمزور معیشتیں سب سے پہلے متاثر ہوتی ہیں۔
تاہم انہوں نے خبردار بھی کیا کہ معدنی وسائل کی موجودگی خودبخود خوشحالی کی ضمانت نہیں۔ اگر مقامی آبادی کو معدنی منصوبوں سے فائدہ نہ پہنچے تو لوگوں میں محرومی اور مخالفت پیدا ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا امریکی MQM-170 ڈرون قبضےمیں لینے کا دعویٰ
ان کے مطابق بلوچستان میں معدنی منصوبوں کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ مقامی لوگوں کو روزگار ملے، انہیں منصوبوں میں حصہ دار بنایا جائے، رائلٹی کی منصفانہ تقسیم ہو اور تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
رابرٹ فریڈلینڈ کا کہنا تھا کہ معدنیات کی ترقی صرف کانیں کھودنے کا نام نہیں بلکہ اس کے ساتھ مقامی آبادی کی معاشی اور سماجی ترقی بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔







