کراچی(پاک ترک نیوز ) سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں یا انتظامی اکائیوں کے قیام سے متعلق پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے اور اس میں کوئی تضاد نہیں۔
اپنے بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اور عوام کی امیدوں، امنگوں اور مختلف تحریکوں کی ترجمانی کرتی ہے۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی آئین کے آرٹیکل 239 کی شق 4 کے تحت صوبے کے عوام کی مرضی کو عملی شکل دینے کی حامی ہے۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام صوبے کی جغرافیائی حدود میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کو مسترد کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کا نتیجہ کچھ بھی ہو، آئین کے آرٹیکل 239 کی شق 4 کی دفعات کا اطلاق بہرحال ہوگا۔
سابق چیئرمین سینیٹ کے مطابق کسی بھی صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے صدرِ مملکت کی توثیق سے قبل متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظوری حاصل کرنا لازمی ہے۔












