ریاض (پاک ترک نیوز)دنیا کی بلند ترین عمارت کا اعزاز دبئی کے برج خلیفہ سے چھننے والا ہے۔ سعودی عرب میں زیر تعمیر جدہ ٹاور ایک ہزار میٹر بلندی تک پہنچنے کے بعد دنیا کی تاریخ کی بلند ترین عمارت بن جائے گا۔ لیکن اس ریکارڈ ساز منصوبے کی راہ میں قدرت نے ایک نئی رکاوٹ کھڑی کردی ہے۔ سپر ایل نینو اور تیز ہوائیں تعمیراتی رفتار کو متاثر کرسکتی ہیں۔ آخر جدہ ٹاور کب مکمل ہوگا اور اس کی تعمیر میں اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے؟ دیکھیے یہ رپورٹ!
دبئی کا برج خلیفہ، جسے دنیا کی بلند ترین عمارت ہونے کا اعزاز حاصل ہے، اب زیادہ عرصے تک اس مقام پر برقرار نہیں رہے گا۔سعودی عرب میں تعمیر ہونے والا جدہ ٹاور ایک ہزار میٹر، یعنی تقریباً تین ہزار دو سو اکیاسی فٹ بلندی تک پہنچے گا، جو برج خلیفہ کی 828 میٹر بلندی سے بھی کہیں زیادہ ہے۔
منصوبے کی تعمیر سعودی بن لادن گروپ کررہا ہے، جبکہ اس کا نقشہ معروف ماہرین تعمیرات ایڈرین اسمتھ اور گورڈن گل نے تیار کیا ہے۔ ایڈرین اسمتھ دبئی کے برج خلیفہ کے ڈیزائن میں بھی اہم کردار ادا کرچکے ہیں۔
منصوبے کے سینئر ڈائریکٹر ایان نارمن ملر کے مطابق جدہ ٹاور 2028 کی تیسری سہ ماہی کے دوران برج خلیفہ کی موجودہ بلندی سے آگے نکل سکتا ہے۔
تاہم تعمیراتی ٹیم کو سپر ایل نینو کے ممکنہ اثرات کا سامنا ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث بلندی پر تعمیراتی سرگرمیاں روکنا پڑ سکتی ہیں۔
ملر کے مطابق رواں موسم گرما میں بھی تیز ہواؤں نے کام کی رفتار سست کردی تھی، تاہم اگست کے وسط میں موسم بہتر ہونے کے بعد تعمیراتی کام دوبارہ تیز کردیا گیا۔
جدہ ٹاور کی تعمیر کے اگلے مرحلے میں تقریباً 200 میٹر کے حصے میں خصوصی کام کیا جائے گا، جہاں عمارت کے مشاہداتی مقام، اسکائی ٹیرس کے لیے فولادی ڈھانچہ نصب کیا جائے گا۔
منصوبے کے ساختی انجینئر جان پیرونٹو کے مطابق اسکائی ٹیرس کی تکمیل میں تقریباً ایک سال لگ سکتا ہے، جس کے چند ماہ بعد عمارت 800 میٹر کی بلندی تک پہنچنے کی توقع ہے۔
سپر ایل نینو بحرالکاہل میں سمندری پانی کے درجہ حرارت میں اضافے سے پیدا ہونے والا موسمیاتی رجحان ہے، جس کے اثرات دنیا بھر کے موسم پر مرتب ہوسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کا ایف 35 بی لڑاکا طیاروں کو زنگ سے محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کا فیصلہ
اب دیکھنا یہ ہے کہ سعودی عرب کا یہ میگا منصوبہ موسمیاتی چیلنجز کو شکست دے کر 2028 میں دنیا کی بلند ترین عمارت بننے کا خواب پورا کر پاتا ہے یا نہیں۔
ایک ہزار میٹر بلند جدہ ٹاور، جدید انجینئرنگ کا شاہکار ہوگا یا موسمیاتی چیلنجز اس کی رفتار روک دیں گے؟ اپنی رائے کمنٹس میں ضرور بتائیے۔







