لندن (پاک ترک یوز )برطانیہ کے گرد روسی بحریہ کی سرگرمیوں میں رواں سال کے ابتدائی نو ماہ کے دوران 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد برطانیہ نے نیدرلینڈز، بالٹک اور نورڈک ممالک کے ساتھ مل کر سمندری دفاع مضبوط بنانے کے لیے دس ملکی اتحاد کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی وزیر دفاع برائے دفاعی تیاری لیوک پولارڈ نے روسی بحری سرگرمیوں میں اضافے کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے بغیر پائلٹ سمندری ڈرونز اور جنگی بحری جہازوں کے مشترکہ استعمال کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔
اس اتحاد میں برطانیہ، نیدرلینڈز اور بالٹک و شمالی یورپی ممالک شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت مختلف ممالک کے سمندری ڈرونز اتحادی ممالک کے جنگی جہازوں کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرسکیں گے۔
پولارڈ کے مطابق برطانوی سمندری ڈرونز کسی برطانوی، ڈنمارک یا ناروے کے جنگی جہاز کے ساتھ منسلک ہوکر مشترکہ دفاعی کارروائیوں میں حصہ لے سکیں گے۔
برطانوی بحریہ کو جنگی جہازوں کی کمی کا بھی سامنا ہے۔ 2021 میں برطانوی فریگیٹس کی تعداد 12 تھی، جو 2030 تک کم ہوکر صرف تین رہ جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
برطانوی پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی نے گزشتہ ماہ خبردار کیا تھا کہ جنگی جہازوں اور آبدوزوں کی کم تعداد اور دستیابی میں مشکلات کے باعث برطانوی بحریہ برطانیہ کے اردگرد سمندری حدود میں روسی جارحیت کو روکنے میں ناکام ہوسکتی ہے۔
وزیر دفاع لیوک پولارڈ نے اس صورت حال کا ذمہ دار سابق کنزرویٹو حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 سے 15 برس کے فیصلوں، بجٹ میں کٹوتیوں اور سرمایہ کاری میں تاخیر کے باعث برطانیہ کے پاس مطلوبہ تعداد میں جنگی جہاز اور آبدوزیں موجود نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2030 میں دفاعی بجٹ کے لیے سالانہ اضافی 10 ارب پاؤنڈ مختص ہونے سے دفاعی صنعت کو نئی صلاحیتیں پیدا کرنے کا موقع ملے گا۔
برطانوی وزیر دفاع کے مطابق روسی جاسوس جہاز یانتار رواں سال برطانوی سمندری حدود کے قریب سرگرم رہے، جہاں وہ اہم قومی تنصیبات سے متعلق معلومات جمع کرنے اور زیر سمندر کیبلز کی نقشہ سازی کرنے کی کوشش کرتے رہے۔
روسی فریگیٹس بھی 2026 کے دوران شمالی سمندر اور انگلش چینل میں سرگرم رہے اور اکثر تیل بردار جہازوں سمیت تجارتی بحری جہازوں کو حفاظتی حصار فراہم کرتے رہے۔
پولارڈ کے مطابق روس سے منسلک تیل بردار جہازوں نے بھی برطانوی سمندری حدود کے گرد اپنے راستے تبدیل کرنا شروع کردیے ہیں۔
برطانیہ نے روسی آبدوزوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے مزید 90 ملین پاؤنڈ خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس رقم سے زیر آب ڈرونز اور جدید سینسرز نصب کیے جائیں گے، جو گرین لینڈ، آئس لینڈ اور برطانیہ کے درمیان اہم سمندری گزرگاہ کی نگرانی کریں گے۔
یہ علاقہ شمالی بحر اوقیانوس میں دفاعی اعتبار سے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے اور روسی آبدوزوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب یوکرین نے سستے سمندری ڈرونز کے ذریعے روسی بحیرہ اسود کے بحری بیڑے کا تقریباً ایک تہائی حصہ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد روس کو مقبوضہ کریمیا کے شہر سیواستوپول سے اپنے بحری جہاز نووروسیسک منتقل کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: 32سال بعد خطرناک قاتل کی پھر واپسی
برطانیہ میں یوکرین کے سفیر اور سابق فوجی سربراہ ویلری زالوژنی کا کہنا ہے کہ سمندری ڈرونز کے بڑھتے ہوئے استعمال سے دنیا کی بحری افواج میں بڑی تبدیلی آنے کا امکان ہے۔











