لاہور(پاک ترک نیوز)کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی، جس میں وزارت دفاع کے حکام بھی پیش ہوئے۔
وزارت دفاع کے حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے لیے درخواست وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی ہے، تاہم ابھی تک وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق دو کنٹونمنٹ بورڈز میں حلقہ بندیاں بھی مکمل کرنا باقی ہیں، اس لیے جنوری 2027ء تک مہلت دی جائے۔
وزارت دفاع کے مشیر قانون نے کہا کہ انہیں ہدایت ملی ہے کہ الیکشن کمیشن سے مزید وقت کی درخواست کریں، جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز نے یقین دہانی کرائی کہ جنوری تک حلقہ بندیاں مکمل کرلی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا مکمل ،سپریم کورٹ کا ملزم مقدمے سے بری
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت وزارت دفاع کو بھی جواب نہیں دے رہی اور نہ ہی الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینے کے لیے درخواست بھجوائی جارہی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جہاں حلقہ بندیاں باقی ہیں، ان علاقوں کے علاوہ دیگر علاقوں میں انتخابات کروا لیے جائیں، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی کوئی منطقی وجہ نظر نہیں آتی۔






