سڈنی (پاک ترک نیوز )آسٹریلوی کرکٹ کے مشہور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر کئی سال بعد ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے۔ عثمان خواجہ کے انکشافات کے بعد سابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر بھی خاموش نہ رہ سکے اور انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں خواجہ کے مؤقف کی مکمل حمایت کر دی۔ڈیوڈ وارنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو میں کہا کہ اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کئی سال گزر چکے ہیں، لیکن اب حقیقت سب کے سامنے آ چکی ہے۔ عثمان خواجہ نے جو کچھ کہا وہ سو فیصد درست ہے، میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں اور ان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے آگے آ کر اس دن کے واقعات بیان کیے۔
وارنر کا کہنا تھا کہ لوگ طویل عرصے سے جاننا چاہتے تھے کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں اصل میں کیا ہوا تھا۔ عثمان خواجہ نے اس دن کے حوالے سے ایک ایک بات بیان کی، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے تحقیقات کے طریقہ کار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عثمان خواجہ کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ بیٹھے تھے، لیکن ان کا انٹرویو نہیں کیا گیا۔ یہ کیسی تحقیقات تھیں، اس بات نے انہیں حیران کر دیا۔ڈیوڈ وارنر نے واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی پر انگلی اٹھانا یا پرانے زخم کریدنا نہیں، بلکہ احتساب اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ ان کے مطابق تحقیقات کے ذمہ داروں سے سوالات ہونے چاہئیں اور حقائق کو درست انداز میں سامنے لانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ آٹھ برس کے دوران ذرائع ابلاغ میں بہت سی ایسی خبریں بھی سامنے آئیں جو درست نہیں تھیں، جبکہ کئی لوگ خاموش رہے۔ وارنر نے بتایا کہ گزشتہ چند روز سے وہ اپنی بیٹیوں سے بھی بات کر رہے تھے تاکہ انہیں بتا سکیں کہ اس واقعے میں اصل میں کیا ہوا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ان کے اپنے خاندان، کیمرون بینکرافٹ اور اسٹیو اسمتھ کے اہلِ خانہ کے لیے مشکل ہے، لیکن سچائی سامنے آنا ضروری تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: سابق ایس ایچ او جاوید ابڑو کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت
واضح رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا واقعہ سامنے آیا تھا، جس پر کرکٹ آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور کیمرون بینکرافٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پابندیاں عائد کی تھیں۔ حالیہ تنازع عثمان خواجہ کی خودنوشت میں اس واقعے سے متعلق کیے گئے انکشافات کے بعد دوبارہ موضوعِ بحث بنا ہے۔








