ڈھاکہ (پاک ترک نیوز )پاکستان نے ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مالدیپ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی، اس کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوگئے۔
ڈھاکا میں جاری ایونٹ کے گروپ بی کے اہم مقابلے میں پاکستان نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف میں ہی تین گول کرکے مالدیپ پر برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے میکائل عبداللہ نے پنالٹی کک پر پہلا گول اسکور کیا، جس کے بعد نجیب اللہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو مزید گول کرکے ٹیم کی برتری تین صفر کردی۔
تین گول کے خسارے میں جانے کے بعد مالدیپ کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور میچ میں واپسی کی تمام کوششیں ناکام رہیں۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان نے گروپ بی سے سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔
پاکستان نے اب تک دو میچز کھیلے ہیں، جن میں ایک میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
11 نومبر کو بھارت اور مالدیپ کے درمیان ہونے والے مقابلے کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کا فیصلہ ہوگا۔












