مسقط (پاک ترک نیوز )مسقط میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے اہم مقابلے میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی، قومی ٹیم نے 209 رنز کا ہدف 48 اعشاریہ ایک اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
مسقط میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بھارتی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 46 اعشاریہ 3 اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا، نقاب شفیق اور رضوان اللہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ علی رضا نے 37، نقاب شفیق نے 42 جبکہ رضوان اللہ نے 24 رنز دے کر تین، تین بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹرز نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ حمزہ ظہور نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، جبکہ حسنین عباس ڈار نے 38 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے منال چوہان نے تین وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سیزن کے فائنل میں بھی پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔












