کراچی (پاک ترک نیوز)جوڈیشل کمیشن نے کراچی میں قتل کیے جانے والے نوجوان تاجر میر رضا کیس کی انکوائری رپورٹ تیار کر لی۔
کمیشن ذرائع کے مطابق رپورٹ کل صبح 10 بجے سندھ حکومت کے حوالے کی جائے گی۔
کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری داخلہ کو کل طلب کر لیا گیا ہے، انکوائری رپورٹ سیکرٹری داخلہ کے حوالے کی جائے گی۔
واضح رہے کہ میر رضا کی موت کے کیس کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے 7 اکتوبر کو کارروائی مکمل کر لی تھی۔
جوڈیشل کمیشن نے جائے وقوع کے دورے سمیت مجموعی طور پر 15 اجلاس کیے تھے، کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن 24 اگست کو جاری ہوا تھا جب کہ کمیشن نے 27 اگست کو کام کا آغاز کیا تھا۔
محکمہ داخلہ سندھ نے 1 ماہ میں کارروائی مکمل کرنے کا کہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بالاکوٹ میں دوسرے روز بھی بارش، بابوسر ٹاپ اور سیاحتی مقامات پر موسم سرما کی پہلی برفباری
کیس کا پس منظر
واضح رہے کہ کراچی کا نوجوان میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتہ ہوا تھا، وہ صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوا تھا، جس کی لاش 2 روز بعد گلستانِ جوہر سے ملی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق میر رضا کی لاش بہت بری حالت میں ملی تھی، اس کے سینے میں گولی لگی تھی، لاش ملنے سے 1 روز قبل اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیے گئے تھے۔
مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ میر رضا کا 30 اگست کو گلشنِ اقبال کی بیت المکرم مسجد میں نکاح تھا اور وہ اپنی نئی شروع ہونے والی زندگی کے حوالے سے بہت خوش تھا۔







