راولپنڈی (پاک ترک نیوز ) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و اقوام متحدہ کے درمیان عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی استحکام، مسئلہ جموں و کشمیر اور افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی سمیت اہم سکیورٹی امور بھی زیر بحث آئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات اور کردار کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے عالمی امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا۔
ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو تسلیم کرتے ہیں۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔












