کنگز کالج لندن کے سائنس دانوں نے دل کی ایک پیچیدہ بیماری کے علاج کے حوالے سے اہم پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے۔ تحقیق کے مطابق انار سمیت بعض غذاؤں کے استعمال کے بعد جسم میں بننے والا قدرتی مرکب یورولیتھن اے جانوروں میں دل کی کارکردگی کو 80 فیصد تک بہتر بنانے میں کامیاب رہا۔
تحقیق میں دل کی اس بیماری پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں دل خون پمپ کرنے کی صلاحیت برقرار رکھتا ہے، تاہم دل کا پٹھا سخت ہونے کے باعث دھڑکنوں کے درمیان مناسب طور پر ڈھیلا نہیں ہو پاتا اور دل میں خون بھرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ اسے محفوظ اخراجی صلاحیت کے ساتھ دل کا ناکام ہونا کہا جاتا ہے۔
یہ بیماری دل کے ناکام ہونے کے تقریباً نصف کیسز کا سبب بنتی ہے اور اس کے نتیجے میں سانس پھولنے، تھکن، جسمانی سرگرمی میں کمی اور معیار زندگی متاثر ہونے جیسی علامات سامنے آسکتی ہیں۔
محققین کے مطابق یورولیتھن اے ایک ایسے پروٹین کو فعال کرتا ہے جو خون کی شریانوں کے افعال اور دل کے پٹھوں کے ڈھیلا ہونے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تجربات میں اس مرکب نے دل کے پٹھوں کو بہتر انداز میں ڈھیلا ہونے میں مدد دی جبکہ دل کے بافتوں میں نقصان دہ داغ بننے کے عمل کو بھی کم کیا۔
تحقیق کے دوران یورولیتھن اے کو انسانی خلیوں سے تیار کیے گئے دل کے مصنوعی بافتوں پر بھی آزمایا گیا۔ نتائج میں ان بافتوں کے ڈھیلا ہونے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
سائنس دانوں کے مطابق یورولیتھن اے کا تعلق انار، اخروٹ اور بعض بیریاں کھانے کے بعد جسم میں پیدا ہونے والے مرکبات سے ہے اور اس کا تعلق صحت مند عمر رسیدگی اور خلیوں میں توانائی پیدا کرنے کے عمل سے بھی جوڑا جاتا ہے۔
تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ تحقیق ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس کے فوائد فی الحال جانوروں اور مصنوعی انسانی دل کے بافتوں میں دیکھے گئے ہیں۔ انسانوں میں اس مرکب کی افادیت ثابت کرنے کے لیے باقاعدہ طبی آزمائشیں ضروری ہیں۔
برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کے تحقیقی شعبے کے سربراہ پروفیسر جیمز لیپر کے مطابق نتائج حوصلہ افزا ہیں، تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یورولیتھن اے دل کے مریضوں کے لیے مؤثر علاج ثابت ہوگا۔
محققین نے بھی واضح کیا ہے کہ صرف انار کھانے کو دل کی بیماری کے علاج کے طور پر نہیں لینا چاہیے۔ ماہرین کے مطابق متوازن غذا، پھلوں اور سبزیوں کا استعمال دل کی صحت کے لیے مفید ہے، لیکن کوئی ایک غذا دل کی بیماری کا علاج یا اس سے بچاؤ یقینی نہیں بنا سکتی۔





