مری(پاک ترک نیوز ) لوئر موہڑہ ابڑاہوتر کے قریب اسکول وین بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے جاگری، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ریسکیو حکام کے مطابق وین میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے بچے سوار تھے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے گاڑی میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت باہر نکالا اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سول اسپتال مری منتقل کیا۔ریسکیو کی فائر فائٹنگ ٹیم نے موقع پر پہنچ کر وین میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق زخمی بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، جبکہ بعض بچوں کو مزید علاج کے لیے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ڈی پی او مری کے مطابق حادثے کے بعد 11 زخمی افراد کو اسپتال لایا گیا، جن میں بچوں سمیت 8 افراد کی حالت مستحکم ہے، جبکہ تین بچوں ارحم، حسن طالب اور عائشہ کو مزید علاج کے لیے دوسرے اسپتال منتقل کردیا گیا۔حادثے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق اسکول وین میں ڈرائیور سمیت 11 افراد سوار تھے، جبکہ گاڑی کی مقررہ گنجائش صرف 8 افراد تھی۔رپورٹ کے مطابق وین میں سوار تمام 11 افراد آگ لگنے کے باعث زخمی ہوئے۔ ابتدائی طور پر گاڑی میں آگ لگنے کی وجہ بیٹری میں مبینہ چنگاری کو قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مری میں اسکول وین حادثے کا شکار، 11 بچے اور ڈرائیور زخمی
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت اسکول وین میں آگ بجھانے کا آلہ موجود نہیں تھا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔











