واشنگٹن(پاک ترک نیوز )مقبول سائنسی تخیل پر مبنی سلسلے اسٹار ٹریک کی 60ویں سالگرہ کی تقریبات زمین سے ہزاروں کلومیٹر دور خلاء تک جا پہنچیں۔
یورپی خلائی ادارے کی خلا باز صوفی ایڈینو نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر اسٹار ٹریک کی ایک نئی سیریز سے منسلک یادگاری نشان ساتھ لے جا کر اس تاریخی موقع کو منفرد انداز میں منایا۔
صوفی ایڈینو کو خلائی اسٹیشن کے یورپی تجربہ گاہ میں اس یادگاری نشان کو اپنے لباس پر لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : خلائی اسٹیشن سے ہمالیہ کے بہتے گلیشیئرز کی حیرت انگیز تصویر
یورپی خلائی ادارے کے مطابق یہ ایک چھوٹی سی یادگار ہے، لیکن اس کے ساتھ 60 برس کی وہ کہانی جڑی ہے جس نے انسانوں کو مل کر خلاء کی کھوج کا خواب دیکھنے کی ترغیب دی۔
ادارے نے کہا کہ اسٹار ٹریک کے خلائی جہاز کے عملے سے لے کر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے خلا بازوں تک مقصد ایک ہی ہے، یعنی دریافت، تحقیق اور مل کر آگے بڑھنا۔
خلا باز صوفی ایڈینو رواں سال فروری میں خلائی مشن کے ذریعے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچی تھیں اور وہاں پرواز انجینئر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ یہ ان کا خلاء کا پہلا سفر ہے۔








