اسلام آباد(پاک ترک نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلات میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ضلع قلات میں فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکار وطن عزیز کے امن کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قلات میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 12 دہشت گرد ہلاک
وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں ان سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کے مذموم عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔












