واشنگٹن (پاک ترک نیوز )امریکا میں قومی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں میں تیزی سے اضافہ ہوگیا، مالی سال 2026 کے دوران سود کے اخراجات میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ یومیہ ادائیگیاں 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 میں وفاقی بجٹ کا خسارہ بڑھ کر ایک ہزار 990 ارب ڈالر ہوگیا، جو گزشتہ مالی سال کے ایک ہزار 780 ارب ڈالر کے خسارے سے 12 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکی حکومت کی آمدن 3 فیصد اضافے کے ساتھ 5 ہزار 400 ارب ڈالر رہی، جبکہ سرکاری اخراجات 6 فیصد بڑھ کر 7 ہزار 400 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
امریکی حکومت کے سب سے بڑے اخراجاتی شعبوں میں سماجی تحفظ اور طبی سہولتوں کے پروگرام شامل ہیں، جبکہ قومی قرضوں پر سود کی ادائیگیاں اخراجات کی تیسری بڑی مد بن گئیں، جو دفاعی اخراجات اور طبی امداد کے پروگرام پر ہونے والے خرچ سے بھی زیادہ ہیں۔
کانگریس کے بجٹ دفتر نے فروری میں پیش گوئی کی تھی کہ 2036 تک امریکی قومی قرضوں پر سالانہ سود کی ادائیگیاں 2 ہزار 100 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔ تاہم ایران جنگ کے بعد تیل کی قیمتوں اور امریکی حکومتی بانڈز پر منافع کی شرح میں اضافے نے قرضوں کے اخراجات سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں۔
امریکی دس سالہ حکومتی بانڈز پر منافع کی شرح 5 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے، جو کانگریس کے بجٹ دفتر کے اندازوں سے نمایاں زیادہ ہے۔












