اسلام آباد( پاک ترک نیوز) تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال پر وفاقی حکومت نے آئندہ سیاسی حکمت عملی پر مشاورت تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر صدر آصف علی زرداری سے جلد دوبارہ ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی، آئینی اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور صدر کے درمیان ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے لانگ مارچ کے معاملے پر اختیار کیے گئے مؤقف اور صوبائی حکومت کے کردار پر بھی مشاورت ہوگی۔خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر وزیراعظم کی جانب سے صدر کو تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، جبکہ صوبے میں جاری سیاسی کشیدگی اور لانگ مارچ کے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے ممکنہ اثرات بھی زیرغور آئیں گے۔ مذاکراتی عمل میں پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ممکنہ آئینی اقدامات کے قانونی اور سیاسی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ گورنر راج یا ہنگامی حالت کے نفاذ سمیت مختلف آئینی راستوں پر وزیراعظم اور صدر کے درمیان مشاورت متوقع ہے۔
یہ بھی پڑمیں: لانگ مارچ جاری رہے گا، رکے گا نہیں، کمان سہیل آفریدی کے پاس ہے: سلمان اکرم راجہ
ذرائع کے مطابق گورنر راج یا ہنگامی حالت کے نفاذ سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ وزیراعظم، صدر اور حکومتی رفقا باہمی مشاورت سے کریں گے۔لانگ مارچ، صوبائی حکومت کے کردار اور امن و امان کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، جبکہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی آئینی اقدام کے استعمال سے متعلق تمام سیاسی اور قانونی پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔











