کوئٹہ(پاک ترک نیوز ) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خفیہ اطلاعات پر بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 36 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں کارروائی کے دوران 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات موقع پر ہی تباہ کردیے گئے۔
ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 26 خوارج ہلاک ہوئے۔
قلات میں کارروائی کے دوران 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد، جبکہ سبی کے علاقے بھاگ میں بھی 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں بھارتی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 48 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں، جبکہ 2026 کے دوران بلوچستان میں آپریشنز کے دوران 1188 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 36 دہشت گردوں کی ہلاکت پر پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے والی سیکیورٹی فورسز پوری قوم کا فخر ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب کارروائیوں کو سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔












