اسلام آباد (پاک ترک نیوز )حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، ذرائع کے مطابق مجوزہ معاہدے کے مسودے میں معمولی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ ڈرافٹ کی دو شقوں میں معمولی ترمیم کی گئی ہے، جبکہ مسودے میں ایک اور ترمیم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی مجوزہ معاہدے کے مسودے کی کاپی لے کر وزیر اعظم ہاؤس روانہ ہوگئے، جبکہ حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کے ارکان اسپیکر چیمبر میں موجود ہیں۔
مذاکرات کا دوسرا دور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا، جس میں متعدد معاملات پر پیش رفت ہوئی، تاہم ایک اہم معاملے پر وقتی ڈیڈ لاک بھی پیدا ہوا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے بانی چیئرمین سے اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات کرانے پر رضامندی ظاہر کردی، جس کے لیے اپوزیشن کی جانب سے ایک رہنما کا نام بھی تجویز کیا گیا ہے۔
تین ایم پی او کے تحت گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی جبکہ بانی چیئرمین کی بہنوں کی رہائی پر بھی اتفاق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مذاکرات میں یہ بھی طے پایا کہ خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے معاملے پر سیاست نہیں کرے گی، جبکہ بانی چیئرمین کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرانے پر بھی بات ہوئی۔
تاہم ذرائع کے مطابق اس معاملے پر حتمی فیصلہ بانی چیئرمین سے ملاقات کے بعد متوقع ہے۔
مذاکرات کے دوران محمود خان اچکزئی نے بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سے رابطہ کرکے مؤقف اختیار کیا کہ پہلے بانی چیئرمین سے ملاقات ہوگی، اس کے بعد ہی کوئی حتمی اعلان یا فیصلہ کیا جائے گا۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بانی چیئرمین سے ملاقات کے بغیر کوئی فیصلہ ممکن نہیں، ملاقات کے بعد بانی چیئرمین جو فیصلہ کریں گے، اسی کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے تجویز دی کہ بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو بھیجا جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک سے بھی اپوزیشن ارکان نے رابطہ کیا اور انہیں مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
مذاکرات میں حکومت کی جانب سے وفاقی وزراء امیر مقام، رانا ثناء اللہ، محسن رضا نقوی، طلال چوہدری اور طارق فضل چوہدری شریک ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز حسین جاکھرانی نے شرکت کی۔
اپوزیشن کی نمائندگی بیرسٹر گوہر خان، راجہ ناصر عباس، عامر ڈوگر، اسد قیصر، حلیم عادل شیخ اور سلمان اکرم راجہ نے کی۔












