راولپنڈی (پاک ترک نیوز )راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں اہم فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سناتے ہوئے ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے کے مطابق سزا پانے والے ملزمان 9 مئی کے واقعات کی سازش اور منصوبہ بندی میں ملوث پائے گئے، جبکہ جے آئی ٹی نے بھی ملزمان کو واقعات کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار قرار دیا تھا۔
پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمے میں 19 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے گئے، جبکہ کیس میں اب تک استغاثہ کے مجموعی طور پر 44 گواہان کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں۔
مقدمے کے 118 ملزمان میں سے 18 کو دورانِ ٹرائل اشتہاری قرار دیا گیا، جبکہ 29 ملزمان مقدمہ درج ہونے کے بعد کسی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ تمام اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلایا گیا۔
سزا پانے والوں میں عمر ایوب، زرتاج گل، شیخ راشد شفیق، مراد سعید، زلفی بخاری، شہباز گل، علی امین گنڈاپور، شاندانہ گلزار، حماد اظہر، اعظم سواتی، شبلی فراز، کنول شوزب، احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے مرتضیٰ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا اور اعجاز خان جازی سمیت دیگر شامل ہیں۔
فیصلے کے مطابق ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں میں ملوث پائے گئے۔ ملزمان پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور اہم سرکاری عمارتوں و مقامات کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد تھے۔











