کوئٹہ(پاک ترک نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و سلامتی، ترقی، معاشی صلاحیت اور نوجوانوں کے کردار سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام سے مالا مال ہے۔انہوں نے کہا کہ دیرپا امن و استحکام بلوچستان کی حقیقی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ صوبے میں امن و استحکام سرمایہ کاری کے فروغ اور انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں، نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن عناصر کے غیر ملکی پراکسیز ہیں۔ دشمن عناصر بلوچستان کی ترقی روکنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کے غیر متزلزل، فیصلہ کن اور بھرپور ردعمل سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔انہوں نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سماجی رہنماؤں کے امن، سماجی ہم آہنگی اور مثبت قومی مکالمے کے فروغ میں کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے منفی پروپیگنڈے کا بلاجھجک اور جامع انداز میں مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کیا جائے اور بلوچستان کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور عوام کی امنگوں کو اجاگر کیا جائے۔ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھوں میں ہے۔ملاقات کے شرکاء نے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور غیر ملکی سرپرستی میں لاحق خطرات کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔شرکاء نے عوام پر مرکوز ترقی کے ذریعے پرامن، مستحکم اور خوشحال بلوچستان کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چین کی ایران پر نئی امریکی پابندیوں کی مخالفت
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سچ غالب آئے گا جبکہ دشمن قوتوں کا جھوٹا بیانیہ اپنے ہی پروپیگنڈے اور فریب میں دفن ہو جائے گا۔












