اسلام آباد (پاک ترک نیوز )پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا ڈرافٹ شیڈول پنجاب حکومت کو بھجوا دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں نئی قانون سازی نہ ہونے کی صورت میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیاں مکمل کرلی گئی ہیں اور الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے۔ کنٹونمنٹ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزارت دفاع کو حتمی خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
تمام صوبوں، اسلام آباد اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں الیکشن کمیشن کے ارکان اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب حکومت سے بلدیاتی انتخابات کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی فہرستیں بھی طلب کرلی گئی ہیں۔
خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی حلقہ بندیاں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ 7 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل جاری ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کو ویلج اور نیبرہوڈ کونسلز کی تعداد سے متعلق شیڈول 9 میں مناسب ترمیم کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبائی حکومت کو قانون سازی کا عمل فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں موجودہ بلدیاتی اداروں کی مدت 8 فروری 2027 کو ختم ہوگی۔












